عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)معرکہ حق کی تاریخی فتح اور آپریشن بنیان المرصوص کی پہلی سالانہ تقریب پورے ملی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔تقریب کا انعقاد بلدیہ ہال میں کیا گیا جس کی قیادت اسسٹنٹ کمشنر رائے فیصل عمران نے کی۔ اس موقع پر پاک فوج کی جرات، بہادری اور شاندار کامیابی کو بھرپور انداز میں خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم لہراتے ہوئے پاک فوج کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے اور ملک کی سلامتی، استحکام اور دفاعِ وطن کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔
اسسٹنٹ کمشنر رائے فیصل عمران نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے ایک سال قبل آپریشن بنیان المرصوص کے ذریعے دشمن کو ایسا سبق سکھایا جو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم خصوصاً نوجوان طبقہ اپنی افواج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔
تقریب میں اسٹیج سیکرٹری کے فرائض شیخ عمران مظہر، سپرنٹنڈنٹ میونسپل کمیٹی نے انجام دیے۔ شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور امن کے لیے ہر سطح پر اپنا مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔


