کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کےویسٹ ڈسٹرکٹ میں تھانہ مومن آباد کی حدود، الفتح قبرستان کے قریب پولیس اور ملزمان کے درمیان مقابلہ ہوا۔ایس ایس پی ویسٹ کےمطابق دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت ارسلان ولد وزیر زادہ کے نام سے ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خول اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ ملزمان کے زیرِ استعمال موٹرسائیکل کو بھی پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ فرار ہونے والے ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔


