کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ویسٹ ڈسٹرکٹ کے تھانہ اورنگی کی حدود میں واقع سیکٹر 6E میں پولیس اور مسلح ڈاکوؤں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق دو طرفہ فائرنگ کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت احمد ولد امتیاز خان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ بمعہ ایمونیشن، چلیدہ خولز، موبائل فون اور نقدی رقم برآمد کر لی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ملزمان کے زیرِ استعمال موٹرسائیکل بھی پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی ہے، جس کی مزید تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ساتھی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مار کارروائیاں جاری ہیں۔ واقعے کے حوالے سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے اور گرفتار ملزم کا کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔


