کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)عدالت نے کم عمر بچے کی مبینہ اسمگلنگ کی کوشش کے الزام میں گرفتار ملزمہ کرن سہیل کی درخواستِ ضمانت منظور کرلی ہے۔ عدالت نے ملزمہ کو پانچ لاکھ روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیا ہے۔
پراسیکیوشن کے مطابق ملزمہ کمسن بچے کو اپنا بیٹا ظاہر کرکے موزمبیق لے جانے کی کوشش کر رہی تھی، جبکہ تفتیش کے دوران مختلف افراد پر مشتمل ایک مبینہ گروہ کی بھی نشاندہی ہوئی۔
دوسری جانب ملزمہ کے وکیل راجا ریاض نے مؤقف اختیار کیا کہ کرن سہیل کو غلط طور پر مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، جبکہ شریک ملزمان کو پہلے ہی ضمانت مل چکی ہے۔ وکیل صفائی نے عدالت کو بتایا کہ ملزمہ کے خلاف کوئی ڈیجیٹل شواہد پیش نہیں کیے گئے اور نہ ہی مالی لین دین یا جعلی دستاویزات سے متعلق کوئی ٹھوس ثبوت موجود ہے۔
عدالت نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ استغاثہ کے مرکزی گواہ کے بیان سے ملزمہ کے خلاف الزامات ثابت نہیں ہوتے، جبکہ ملزمہ کا کوئی سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت کے مطابق متعلقہ عدالتوں کے خالی ہونے کے باعث ٹرائل میں غیر معمولی تاخیر کا بھی امکان ہے۔ان تمام وجوہات کی بنیاد پر عدالت نے ملزمہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کر دیا۔


