کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی کے ایسٹ زون میں تھانہ سچل پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہریوں سے اسلحہ کے زور پر موبائل فونزاورنقدی چھیننے والا چار رکنی ڈکیت گروہ گرفتار کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق کارروائی دورانِ گشت شیر خان گوٹھ کے قریب کی گئی، جہاں ملزمان کو حراست میں لیا گیا۔ گرفتار افراد سے غیر قانونی اسلحہ، چھینے گئے متعدد موبائل فونز اور نقدی برآمد ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہےکہ ملزمان سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے، سچل اور ملحقہ علاقوں میں ڈکیتی اور اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے 50 سے زائد موبائل فونز چھیننے کا اعتراف بھی کیا ہے۔ گرفتار گروہ نے دو روز قبل سمیرا چوک کے قریب شہری انیس سے اسلحہ کے زور پر موبائل فون چھیننے کا بھی اعتراف کیا۔
اس واردات کا مقدمہ نمبر 699/26 دفعہ 397/34 تعزیرات پاکستان کے تحت درج ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں محمد شہروز، شہزاد حسین، صدیق رشید اور وسیم بہار شامل ہیں۔حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان کا سابقہ کرمنل ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے جبکہ مزید انکشافات متوقع ہیں۔ پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔


