منشیات فروشوں اور نشئی افراد کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن

عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)عارف والا میں پاکپتن پولیس کی جانب سے منشیات فروشوں اور نشئی افراد کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن کیا گیا ہے، جس کے دوران متعدد افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے بھاری نفری کے ہمراہ کارروائی کی نگرانی کی۔ کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے منشیات اور خطرناک تیز دھار آلات بھی برآمد کیے گئے۔

ڈی پی او پاکپتن نے ایس ڈی پی او آفس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ عارف والا شہر میں منشیات فروشوں اور نشئی افراد کے خلاف آپریشن جاری ہے۔ ان کے مطابق بڑی حد تک منشیات فروشوں اور نشئی عناصر کو قابو کر لیا گیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پولیس ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جو شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری رکھیں گی تاکہ منشیات فروشوں کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ نشئی افراد بعض وارداتوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں، جن میں چوری اور ڈکیتی جیسے جرائم شامل ہیں۔

ڈی پی او جاوید اقبال چدھڑ نے کہا کہ ان عناصر کی گرفتاری سے شہر میں جرائم کی شرح میں کمی آئے گی اور شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کیا جائے گا۔ کارروائی کے دوران ایس ڈی پی او ملک محمد اکبر اور سرکل کے دیگر ایس ایچ اوز بھی موجود تھے۔پولیس کے مطابق گرفتار افراد سے شہریوں پر حملوں میں استعمال ہونے والے آلات بھی برآمد کیے گئے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ دوسری جانب شہریوں اور سماجی حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے اسے امن و امان کی بحالی کے لیے اہم قدم قرار دیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں