کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایک ٹریفک حادثے کو ایک سال گزر جانے کے باوجود پولیس کی جانب سے مقدمہ درج نہ کیے جانے پر تین بچوں کی ماں، جو بیوہ بھی ہے، انصاف کے حصول کے لیے عدالت پہنچ گئی۔
تفصیلات کے مطابق متاثرہ خاتون نے مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست عدالت میں دائر کر دی ہے، جس پر ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ویسٹ نے متعلقہ پولیس افسران کو نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ کے مطابق خاتون کے شوہر اقبال 22 اپریل 2025 کو موٹرسائیکل حادثے میں جاں بحق ہوئے تھے۔ ان کے مطابق اقبال کو ایک شخص عالیان نے موٹرسائیکل سے ٹکر مار کر ہلاک کیا۔
وکیل نے بتایا کہ پولیس کو بار بار درخواست دینے کے باوجود نہ تو ایف آئی آر درج کی گئی اور نہ ہی کوئی مؤثر کارروائی کی گئی۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ابتدائی طور پر 12 دن میں دیت دلوانے کا وعدہ کیا گیا تھا، لیکن نہ دیت ادا کی گئی اور نہ ہی مقدمہ درج ہوا۔
عدالت نے اس معاملے پر ایس ایس پی کیماڑی، تھانہ ماری پور کے ایس ایچ او سمیت دیگر متعلقہ افسران سے جواب طلب کر لیا ہے۔
متاثرہ خاندان نے عدالت سے انصاف کی فراہمی اور فوری ایف آئی آر درج کرنے کی استدعا کی ہے۔


