کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ملیرمیں واقع پپری اوراس کے گرد و نواح میں منشیات فروشی اور جوئے کے بڑھتے ہوئے رجحان نے علاقہ مکینوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق علاقے میں سماجی برائیاں ایک بار پھر سر اٹھا رہی ہیں، جبکہ متعلقہ ادارے مؤثر کارروائی کرنے میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
اطلاعات کے مطابق حال ہی میں جیل سے رہا ہونے والا ایک بدنام زمانہ منشیات فروش دوبارہ علاقے میں متحرک ہو چکا ہے اور پپری کے مختلف مقامات پر منشیات کی فراہمی کا نیٹ ورک تیزی سے پھیل رہا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ یہ غیر قانونی سرگرمیاں دن دہاڑے جاری ہیں، جس کے باعث نوجوان نسل بری طرح متاثر ہو رہی ہے، مگر روک تھام کے لیے عملی اقدامات نظر نہیں آ رہے۔
دوسری جانب جوئے اور سٹہ بازی کے بڑھتے ہوئے رجحان نے علاقے کے سماجی ڈھانچے کو بھی شدید نقصان پہنچایا ہے۔ باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پپری کے مختلف حصوں میں خفیہ جوئے کے اڈے قائم ہیں جہاں روزانہ لاکھوں روپے کا لین دین ہو رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق یہ سرگرمیاں نہ صرف گھریلو نظام کو تباہ کر رہی ہیں بلکہ دیگر جرائم میں اضافے کا باعث بھی بن رہی ہیں۔
علاقہ مکینوں اور سماجی حلقوں نے صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی ملیر اور دیگر اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اور سخت کریک ڈاؤن نہ کیا گیا تو حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔
عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشوں اور جوئے کے کاروبار میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے، علاقے کو اس ناسور سے پاک کیا جائے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔


