کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع کیماڑی کے تھانہ سائیٹ بی پولیس نے خفیہ اطلاع پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے ایک ریکارڈ یافتہ مسلح ڈکیت کو گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت طارق کے نام سے ہوئی ہے جبکہ فرار ہونے والے ملزم کا نام صادق بتایا جاتا ہے۔
کارروائی کے دوران گرفتار ملزم کے قبضے سے غیر قانونی 30 بور پستول بمعہ ایمونیشن برآمد ہوا۔پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے شہر بھر میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا ہے۔
ریکارڈ کے مطابق گرفتار ملزم اس سے قبل بھی مختلف مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جن میں ڈکیتی اور اسلحہ ایکٹ کے متعدد کیسز شامل ہیں۔پولیس نے ملزم کے خلاف سندھ آرمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ مزید تفتیش جاری ہے۔


