کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع ویسٹ میں اورنگی پولیس نے غیر ملکی گٹکا اور سگریٹ کی غیر قانونی خرید و فروخت میں ملوث ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ یہ کارروائی ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کی ہدایت پر عمل میں لائی گئی۔پولیس کے مطابق علی گڑھ مارکیٹ میں واقع ایک گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران ملزم کبیر احمد ولد اسداللّٰہ کو گرفتار کیا گیا۔ گودام سے چار بوروں میں موجود 200 پیکٹ غیر ملکی گٹکا (عاداب و سفینہ) اور 40 ڈنڈے مختلف غیر ملکی سگریٹ برآمد کیے گئے۔
ایس ایس پی ویسٹ کے مطابق گرفتار ملزم اسمگل شدہ گٹکا اور سگریٹ گودام میں ذخیرہ کر کے ہول سیل ریٹس پر دکانداروں اور کیبن والوں کو فروخت کرتا تھا، جس سے غیر قانونی کاروبار کو فروغ دیا جا رہا تھا۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزم اور برآمدہ سامان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے کسٹمز حکام کے حوالے کیا جائے گا، جبکہ واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔


