ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کی گٹکا/ماوا کے خلاف ٹارگٹڈ کارروائیاں، 5 عادی سپلائرز گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ سٹی پولیس نے گٹکا اور ماوا کے کاروبار میں ملوث ڈیلرز اور سپلائرز کے خلاف مختلف علاقوں میں ٹارگٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ عادی اور پیشہ ور ملزمان کو گرفتار کر لیا۔پولیس کے مطابق کارروائیوں کے دوران ملزمان کے قبضے سے بھاری مقدار میں گٹکا/ماوا برآمد کیا گیا۔ گرفتاریاں تھانہ کلری، گارڈن، عیدگاہ اور چاکیواڑہ کی حدود میں عمل میں لائی گئیں۔

گرفتار ملزمان کی شناخت اسد اللہ عرف لالو، عاقل، شکیل احمد عرف گودھرا، زوہیب عرف بھانداری اور حسیب کے ناموں سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق تمام ملزمان عادی اور پیشہ ور گٹکا/ماوا سپلائرز ہیں۔پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا سابقہ کریمنل ریکارڈ بھی موجود ہے۔ ملزم عاقل اس سے قبل گٹکا/ماوا سپلائی کے چار مقدمات میں گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے، جبکہ ملزم شکیل احمد عرف گودھرا پانچ مقدمات میں گرفتار ہو کر سزا کاٹ چکا ہے۔ اسی طرح ملزم زوہیب عرف بھانداری بھی گٹکا/ماوا سپلائی کے دو مقدمات میں پہلے گرفتار ہو چکا ہے۔

پولیس کے مطابق تمام ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانہ جات میں مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور مزید قانونی کارروائی کے لیے انہیں انویسٹیگیشن حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ سٹی پولیس کا کہنا ہے کہ گٹکا/ماوا کے مکروہ کاروبار کے خلاف کارروائیاں آئندہ بھی بلا تفریق جاری رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں