کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)رات گئے تھانہ سچل پولیس کا رِند چوک کے قریب دو مسلح ڈاکوؤں سے فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ دو طرفہ فائرنگ کے بعد ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔پولیس کے مطابق گرفتار زخمی ملزم کی شناخت شاہد محمد ولد راز محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ایک عدد غیر قانونی پستول بمعہ ایمونیشن برآمد کی گئی ہے۔
ابتدائی تفتیش میں ملزم نے غازی گوٹھ اور اسکیم 33 کے علاقوں میں درجنوں وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنے ساتھی کے ہمراہ 19 فروری 2026 کو رب راضی سوسائٹی میں میڈیسن کی سپلائی کرنے والے ایک ملازم کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کیا تھا۔اس واقعے کا مقدمہ الزام نمبر 320/2026 بجرم دفعہ 394/34 تھانہ سچل میں درج ہے۔
گرفتار زخمی ملزم کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم شاہد اس سے قبل بھی مقدمہ الزام نمبر 1581/24 بجرم دفعہ 23(i)A کے تحت تھانہ سچل سے گرفتار ہو چکا ہے۔فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔


