کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) گڈز ٹرانسپورٹرز نے ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے باوجود مال برداری کے کرایوں میں کمی کرنے سے انکار کر دیا ہے۔صدر پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس ملک شہزاد اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز کے کرائے فی الحال برقرار رہیں گے، جبکہ متعدد ٹرانسپورٹرز نے اپنی ہزاروں گاڑیاں احتجاجاً کھڑی کر دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز ملکی مفاد میں نقصان برداشت کرتے ہوئے گاڑیاں چلا رہے ہیں۔ ان کے مطابق ڈیزل کی قیمت میں پہلے فی لیٹر 263 روپے اضافہ ہوا تھا، تاہم بعد ازاں 135 روپے اور پھر 32 روپے 12 پیسے کی کمی کی گئی، جس کے بعد مجموعی طور پر 167 روپے 12 پیسے کمی ہوئی ہے۔
ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ کرایوں میں کمی ڈیزل کی قیمت میں مزید واضح کمی کے بعد کی جائے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کو ٹیکسوں اور چالانوں میں ریلیف دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور موٹروے پولیس سمیت ٹریفک پولیس کے مبینہ ناجائز چالانوں کے حوالے سے بھی ریلیف فراہم کیا جائے، کیونکہ ٹرانسپورٹرز بھاری ٹیکس ادا کر رہے ہیں لیکن سہولیات ناکافی ہیں۔


