ٹاؤن شپ میں ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ کرنے والا گروہ گرفتار

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)ٹاؤن شپ لاہور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ٹریفک سگنلز سے چھیڑ چھاڑ اور شہریوں سے بھیک مانگنے والے 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان محمد علی چوک ٹاؤن شپ میں ٹریفک سگنل بند کر کے ٹریفک کی روانی متاثر کرتے تھے۔ اس کے بعد وہ پھول فروخت کرنے کے بہانے شہریوں کو روک کر بھیک مانگتے تھے۔

گرفتار ملزمان کی شناخت علی رضا، گل، دلاور اور حمزہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔پولیس حکام کے مطابق ٹریفک نظام میں خلل ڈالنے اور شہریوں کو پریشان کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی جاری رہے گی۔

ایس پی صدر رانا حسین طاہر نے پولیس ٹیم کی کارروائی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں