اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے برطانوی نشریاتی ادارے ”بی بی سی“ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ملک ہے، بھارت نے پاکستان میں سویلین آبادی کو نشانہ بنایا، پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق جوابی کارروائی کی، ہم نے بھارت میں کسی شہری آبادی کو نشانہ نہیں بنایا، سول آبادی کو نشانہ بنانے کا بھارتی الزام مسترد کرتے ہیں،
ہم نے اپنے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی، ہم نے صرف بھارت کی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا، بھارت نے امرتسر کو خود نشانہ بنایا، پہلگام پاکستانی سرحد سے دو سو کلو میٹر سے زائد فاصلے پر واقع ہے، عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پہلگام واقعہ میں پاکستان کے ملوث ہونے کے کوئی شواہد موجود نہیں ہیں، ہم نے پہلگام واقعہ کیلئے شفاف اور مشترکہ تحقیقات میں تعاون کی پیشکش کی،
بھارت نے واقعہ کے صرف دس منٹ بعد ایف آئی آر درج کر کے پہلگام واقعہ کو مشکوک بنایا، ہم پر حملے کئے گئے جس کا ہم نے جواب دیا ہے، پاکستان نے ہر ممکن ضبط اور تحمل کا مظاہرہ کیا، ہم سفارتی سطح پر مختلف ممالک سے رابطے کرتے رہے،


