بہاولپور(ایچ آراین ڈبلیو) پنجاب میں قائم Punjab Healthcare Commission کا مقصد عوام کو معیاری اور محفوظ طبی سہولیات فراہم کرنا تھا، لیکن حالیہ رپورٹس کے مطابق یہ ادارہ اپنی بنیادی ذمہ داریوں میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتا ہے۔
متعلقہ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو سال سے ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہیلپ لائن پر رابطے کی کوششیں کی جا رہی ہیں، لیکن کالز کا نہ اٹھایا جانا، طویل انتظار کے بعد کال کا منقطع کر دینا یا ٹرانسفر کے بہانے معاملے کو طول دینا ادارے کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔
سال 2024 سے ایک درخواست C2024/197 زیر التواء ہے، مگر تاحال نہ تو کوئی مؤثر کارروائی کی گئی اور نہ شکایت کنندہ سے رابطہ کیا گیا۔ ابتدائی یقین دہانی کے باوجود مکمل خاموشی اختیار کر لی گئی۔ اس دوران متعلقہ ہسپتال کھلا ہے، ڈاکٹرز کام کر رہے ہیں، اور مزید انسانی جانوں کے ضیاع کا خدشہ ہے۔
خصوصاً خواتین کے کیسز میں صورتحال اور بھی تشویشناک ہے، جہاں مبینہ غفلت کے باعث بچوں کی اموات اور ماؤں کی صحت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ متاثرہ خواتین ذہنی اور جسمانی طور پر زندگی بھر کے مسائل کا سامنا کر رہی ہیں۔
شکایت کنندگان نے مطالبہ کیا ہے کہ:
سنگین شکایات والے ہسپتال فوری طور پر سیل کیے جائیں۔
متعلقہ ڈاکٹرز تحقیقات مکمل ہونے تک کام سے روکے جائیں۔
ہیلتھ کیئر کمیشن کی ہیلپ لائن فعال اور جوابدہ بنائی جائے۔
زیر التواء کیسز کو فوری نمٹایا جائے اور شکایت کنندگان سے باقاعدہ رابطہ یقینی بنایا جائے۔
عوامی اپیل میں کہا گیا ہے کہ Chief Minister Punjab، Prime Minister Pakistan اور دیگر اعلیٰ حکام اس سنگین معاملے کا فوری نوٹس لیں اور عوام کی جان سے کھیلنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔ اگر ایسے اداروں کی کارکردگی اسی طرح رہی تو عوام کا اعتماد مکمل طور پر ختم ہو جائے گا، جو کسی بھی مہذب معاشرے کے لیے خطرناک ہے۔


