کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)آصف حیدر شاہ کی زیر صدارت سندھ میں متوقع بارشوں کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز نے شرکت کی۔
چیف سیکریٹری سندھ نے تمام انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ 7 دن کے دوران تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود رہیں اور صورتحال کا جائزہ لیتے رہیں۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے نئے بارش کے اسپیل کی پیشگوئی کے پیش نظر، آصف حیدر شاہ نے پی ڈی ایم اے کو فوری ایڈوائزری جاری کرنے کی ہدایت دی۔
اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور بلدیاتی اداروں کو مکمل متحرک ہو کر فیلڈ میں نکلنے، نکاسی آب کے لیے تمام ضروری مشینری کی دستیابی اور فعالیت کو یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔
چیف سیکریٹری سندھ نے ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متعلقہ اداروں کو ہنگامی اقدامات کرنے، بارش اور تیز ہواؤں کے پیش نظر خطرناک بل بورڈز کے خلاف فوری کارروائی کرنے اور عوام کو ممکنہ صورتحال سے آگاہ کرنے کے لیے مؤثر آگاہی مہم چلانے کی ہدایت بھی دی۔
آصف حیدر شاہ نے ہدایت دی کہ تمام ادارے پیشگی اقدامات مکمل کریں اور متوقع بارشوں کے پیش نظر مکمل تیاری یقینی بنائیں تاکہ عوام اور بنیادی سہولیات پر کسی بھی قسم کے اثرات سے بچا جا سکے۔


