پولیو مہم کی کامیابی کیلئےتمام اداروں کا باہمی تعاون ناگزیرہے

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)پاکپتن کے ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کیلئے انسداد پولیو مہم کو بھرپور انداز میں کامیاب بنانا ناگزیر ہے، جس کیلئے تمام متعلقہ اداروں کو باہمی تعاون سے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں سرانجام دینا ہوں گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی بچہ پولیو کے حفاظتی قطروں سے محروم نہ رہنے پائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں 13 اپریل سے شروع ہونے والی چار روزہ انسداد پولیو مہم کے انتظامات کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر فائزہ کنول نے پولیو مہم کے انتظامات، ٹیموں کی تشکیل، مائیکرو پلاننگ اور نگرانی کے نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کو یقینی بنائیں جبکہ فیلڈ میں موجود ٹیموں کی مؤثر نگرانی بھی کی جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ والدین میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے مؤثر مہم چلائی جائے تاکہ ہر شہری اس قومی فریضے میں اپنا کردار ادا کرے اور ضلع کو پولیو فری بنانے کے ہدف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔

اجلاس میں محکمہ صحت کے افسران اور متعلقہ محکموں کے نمائندگان نے شرکت کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں