جامشورو پولیس کی کامیاب کارروائی، 30 چوری شدہ اور گمشدہ موبائل فون مالکان کے حوالے

جامشورو(ایچ آراین ڈبلیو)جامشوروپولیس کی ڈیجیٹل انویسٹیگیشن سیل (DIC) نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کارروائی کرتے ہوئے مختلف مقامات سے 30 چوری شدہ اور گمشدہ موبائل فونز برآمد کر کے مالکان کے حوالے کر دیے۔

یہ کارروائی ایس ایس پی جامشورو ظفر صدیق چھانگا کے جاری کردہ احکامات کی روشنی میں کی گئی تاکہ ضلع میں شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا سکے اور جرائم کا خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

برآمد شدہ موبائل فونز ڈی ایس پی کوٹری شاہنواز جوکھیو اور انچارج ڈی آئی سی اوشاق پرھیار کی موجودگی میں اصل مالکان کے حوالے کیے گئے۔ شہریوں نے اپنے قیمتی موبائل فون واپس ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور پولیس کی تعریف کی کہ جدید طریقہ کار کے ذریعے موبائل فونز واپس کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔

جامشورو پولیس نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے ایسے اقدامات آئندہ بھی جاری رکھے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں