میرپورخاص تعلیمی بورڈ: افغان شہریوں کو جعلی میٹرک سرٹیفیکیٹس جاری کرنے کا انکشاف

میرپورخاص(ایچ آراین ڈبلیو)میرپورخاص تعلیمی بورڈ میں بڑے پیمانے پر کرپشن کا سنگین اسکینڈل سامنے آ گیا ہے، جہاں ہزاروں افغان شہریوں کو جعلی میٹرک سرٹیفیکیٹس جاری کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

اس حوالے سے قرۃ العین نے بتایا کہ افغان شہریوں نے ان جعلی تعلیمی اسناد کی بنیاد پر ڈومیسائل اور قومی شناختی کارڈ بھی بنوا رکھے تھے، جس سے قومی سلامتی اور تعلیمی نظام پر سنگین سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔

تحقیقات کے دوران گرفتار ملزم نے اعترافِ جرم کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ نمبرز بڑھانے کے لیے 50 ہزار سے ایک لاکھ روپے، فیل امیدوار کو پاس کرنے کے لیے 50 ہزار روپے جبکہ جعلی میٹرک سرٹیفیکیٹ جاری کرنے کے عوض 5 لاکھ روپے وصول کیے جاتے تھے۔

ملزم نے مزید بتایا کہ اس پورے نیٹ ورک میں کنٹرولر بورڈ مرکزی کردار ادا کر رہا تھا، جبکہ دو سرکاری اور دو نجی اسکول بھی اس جعلسازی میں ملوث پائے گئے ہیں۔ پولیس کے مطابق معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں