اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر اور سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 13 مارچ بروز جمعہ ملک بھر میں یومِ القدس اور اسلامی جمہوری ایران پر امریکی و اسرائیلی جارحیت اور جنگی جرائم کے خلاف علما کرام جمعہ کے خطبات میں عوام کو آگاہی دیں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت عالم اسلام کے لیے بڑا صدمہ ہے، لیکن اس نے ایران کے عوام کو ازسرِ نو متحد کر دیا ہے۔ رہبری کے منصب پر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے انتخاب کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا گیا کہ ایران استعماری و استکباری قوتوں کے خلاف اپنی جدوجہد کامیابی سے جاری رکھے گا۔
ملی یکجہتی کونسل نے صوبائی تنظیموں اور آزاد جموں و کشمیر و گلگت بلتستان کے قائدین سے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنسز اور سیمینارز منعقد کریں تاکہ عوام کو امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خطرات سے آگاہ کیا جا سکے۔ بیان میں کہا گیا کہ اسرائیل اپنی سرحدیں پاکستان تک پھیلانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن پاکستان کے عوام امریکی و اسرائیلی جارحیت کے خلاف یک آواز اور یک جان ہیں۔
کونسل نے اعلان کیا کہ مساجد، منبر و محراب اور عوامی دینی جذبوں کو متحد اور متحرک کرنے کے ذریعے استعماری جارحیت کا مقابلہ کیا جائے گا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ امریکی صدر ٹرمپ کی صدارت کے باوجود امریکہ ناکام ہوگا اور اسرائیل کا تحفظ بھی نہیں کر پائے گا۔ آخر میں کہا گیا کہ عالم اسلام کی قیادت کو ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کرتے ہوئے اتحاد کے ذریعے دشمن قوتوں کو ناکام بنانے کی ضرورت ہے۔


