ریسکیو 1122 ملازمین کا دوسرے روز بھی احتجاج، رسک الاؤنس کی عدم ادائیگی پر غم و غصہ

مظفرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ریسکیو 1122 کے ملازمین دوسرے روز بھی اپنے بنیادی مسائل کے حل کے لیے احتجاج کر رہے ہیں۔ مظاہرین دارالحکومت کے پریس کلب کے باہر رسک الاؤنس کی عدم ادائیگی کے خلاف پرامن احتجاج کر رہے ہیں۔

شدید بارش کے باوجود ریسکیو اہلکار پریس کلب کے باہر موجود ہیں اور حکومت سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ انہیں دیگر سرکاری محکموں کے ملازمین کی طرح رسک الاؤنس اور بنیادی مراعات فراہم کی جائیں۔

مظاہرین نے کہا کہ ریسکیو 1122 ایک حساس اور انتہائی اہم ادارہ ہے جو 24 گھنٹے عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خدمات سرانجام دیتا ہے۔ سڑک حادثات، آگ لگنے کے واقعات، قدرتی آفات یا کسی بھی ہنگامی صورتحال میں یہی اہلکار اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی مدد کرتے ہیں۔

اہلکاروں کا کہنا ہے کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ جانیں بچانے والے ادارے کے ملازمین کو ہی ان کے جائز حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے بارہا وعدے کے باوجود رسک الاؤنس کی عدم ادائیگی ادارے کے ساتھ سنگین ناانصافی اور ناقدری کے مترادف ہے۔

مظاہرین نے واضح کیا کہ جب تک ان کے تمام جائز مطالبات پورے نہیں کیے جاتے، احتجاج جاری رہے گا اور انہوں نے حکومت اور متعلقہ حکام سے فوری اقدام کا مطالبہ کیا ہے۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی دھمکی بھی دی گئی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں