نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NID) انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے اجلاس منعقد

سانگھڑ(ایچ آراین ڈبلیو) ڈپٹی کمشنر سانگھڑ سارہ جاوید اور ایس ایس پی عابد بلوچ کی زیر صدارت نیشنل امیونائزیشن ڈیز (NID) پولیو مہم کے سلسلے میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ صحت، عالمی ادارہ صحت، یونیسیف، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں ضلع بھر میں 13 اپریل سے 19 اپریل 2026 تک جاری رہنے والی انسدادِ پولیو مہم کے حوالے سے انتظامات، مائیکرو پلان، ٹیموں کی تعیناتی، سیکیورٹی، کولڈ چین کے نظام اور ہائی رسک یونین کونسلز میں خصوصی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے ہدایت کی کہ پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو پولیو کے قطرے پلانے کو یقینی بنایا جائے اور کوئی بھی بچہ مہم سے رہ نہ جائے کیونکہ ضلع بھر کے 5 سال سے کم عمر بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ ایس ایس پی عابد بلوچ کی جانب سے آگاہ کیا گیا کہ ضلع کے داخلی اور خارجی راستوں سمیت ٹرانزٹ پوائنٹ پر مرد و خواتین اہلکار پولیو ورکرز کی حفاظت کے لیے موجود ہوں گے ہیتلھ ورکرز ضلع بھر کے دور افتادہ علاقوں میں بنا خوف اپنے فرائض کی ادائیگی کریں. انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ٹیموں کی مکمل نگرانی کی جائے اور روزانہ کی بنیاد پر کارکردگی رپورٹ پیش کی جائے، تمام اسسٹنٹ کمشنرز یوسی ایم اوز کی تربیت کی نگرانی کریں اور ان سے سیشن کرکے انہیں مائیکرو پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے بھی آگاہی فراہم کریں. اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ضلع سانگھڑ کو پولیو سے پاک کیا جائے گا. اجلاس کو این اسٹاپ ڈاکٹر دیدار خاصخیلی اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد فاروق نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ تعلقہ وائز یوسی ایم اوز کو ترتیب فراہم کی جارہی ہے جس سے آنے والی انسدادِ پولیو مہم میں مزید بہتری لانے میں مدد ملے گی کیونکہ اب نئی ایڈیٹ سسٹم کے تحت پولیو مہم کے حوالے سے یوسیز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے. اس موقع پر سول سرجن ڈاکٹر آفتاب اعظم سریوال، ای پی آئی فوکل پرسن ڈاکٹر مرتضیٰ سیال، تمام اسسٹنٹ کمشنر، محکمہ تعلیم، ایڈیشنل ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمد موسیٰ، ڈسٹرکٹ منیجر پی پی ایچ آئی جیٹھانند اور محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے.

اپنا تبصرہ بھیجیں