حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو) ملی یکجہتی کونسل پاکستان نے ملک گیر احتجاج اور تعزیتی مظاہرے کا اعلان کیا ہے۔ مظاہرہ جمعۃ المبارک، 6 مارچ 2026 کو رات 10 بجے حیدر چوک حیدرآباد میں ہوگا۔
ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ حضرت علامہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر مظاہرہ کی قیادت کریں گے۔ شریک جماعتوں کے رہنماؤں سے رابطے میں ڈاکٹر یونس دانش نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر وحشیانہ حملے کے نتیجے میں آیت اللہ سید علی خامنہ ای شہید ہو گئے ہیں، جس پر ملی یکجہتی کونسل نے ملک گیر احتجاج کی کال دی ہے۔
ڈاکٹر یونس دانش نے کہا کہ اس وقت عالم اسلام پر سخت حالات ہیں اور یہود، نصاری اور ہندو مسلم ممالک کو صفحہ ہستی سے مٹانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ معصوم بچوں، اسکولز اور ہسپتالوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، جبکہ اقوام متحدہ اور او آئی سی خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور اس کے غیور عوام دل سے عالم اسلام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم ہو گا، پاکستان کے عوام حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔ انہوں نے ملک کے دیگر شہروں میں سیکورٹی فورسز کی گولیوں سے شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت کی اور حکمرانوں کی سخت مذمت کی۔
ترجمان نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مظاہرے میں امن و ضبط کے ساتھ شرکت کریں اور ملک و قوم کی حفاظت کو مقدم رکھیں۔


