اوکاڑہ پولیس کی بروقت کارروائی، لاپتہ تین کمسن بچے ساہیوال سے بحفاظت بازیاب

اوکاڑہ(ایچ آراین ڈبلیو)اوکاڑہ پولیس نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے لاپتہ ہونے والے تین کمسن بچوں کو ضلع ساہیوال سے بحفاظت بازیاب کر لیا۔

پولیس کے مطابق پکار 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ محلہ احمد آباد، صمد پورہ (تھانہ بی ڈویژن) کی حدود سے تین کمسن بچے لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لاپتہ بچوں کی شناخت محب اللہ (عمر 11 سال)، رامین زاہد (عمر 10 سال) اور عبدالہادی (عمر 5 سال) کے نام سے ہوئی۔

اطلاع ملتے ہی تھانہ بی ڈویژن پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کیا اور اردگرد کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ سی سی ٹی وی ریکارڈ کی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ بچے ٹرین میں سوار ہو کر تقریباً 50 کلومیٹر دور ضلع ساہیوال کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔

پولیس ٹیم نے مسلسل فالو اپ، جدید تفتیشی طریقوں اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ساہیوال سے تینوں بچوں کو بحفاظت ٹریس کر کے بازیاب کر لیا۔ تمام قانونی تقاضے اور ضروری تصدیقی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

اس موقع پر ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی خود تھانے پہنچے، بازیاب بچوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی دلداری کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی پی او نے پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہتے ہوئے شاباش بھی دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں