پنجاب حکومت کا کچہ ایریا میں لاہور طرز کا سیف سٹی منصوبہ، وزیراعلیٰ نے منظوری دے دی

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) پنجاب حکومت نے صوبے کے کچہ ایریا میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے لاہور طرز کا جدید سیف سٹی منصوبہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ منصوبے کی منظوری وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دے دی ہے۔

ذرائع کے مطابق کچہ ایریا کے مخصوص جغرافیائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید اور اسمارٹ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ دریائی جزائر، گھنے جنگلات اور وسیع رقبہ نگرانی کے عمل کو مشکل بناتے ہیں۔ اس حوالے سے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے تفصیلی رپورٹ تیار کر لی ہے۔

رپورٹ میں نشاندہی کی گئی ہے کہ شوگر کین کی گھنی فصلیں جرائم پیشہ عناصر کے لیے پناہ گاہ بن جاتی ہیں، جبکہ کچہ ایریا میں موبائل نیٹ ورک کی عدم دستیابی بھی سیکیورٹی اداروں کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے۔

سیف سٹی منصوبے کے تحت تھرمل اور ٹیزرڈ ڈرونز کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی ممکن بنائی جائے گی۔ تھرمل کیمروں سے رات کے وقت مؤثر مانیٹرنگ، جدید وہیکل ٹریکنگ سسٹم، انٹیگریٹڈ کنٹرول روم کے ذریعے مربوط آپریشنز اور سولر پاورڈ سرویلنس سائٹس کے ذریعے وسیع علاقے کی کوریج یقینی بنائی جائے گی۔

ذرائع کے مطابق اس منصوبے پر مجموعی طور پر 67 کروڑ 60 لاکھ روپے لاگت آئے گی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے کچہ ایریا میں جرائم کی روک تھام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی استعداد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں