بورے والا(ایچ آراین ڈبلیو)بورے والا کی یونین کونسل نمبر 65، چک نمبر 495 ای بی، اڈا ساتواں میل اور گردونواح میں آوارہ کتوں کے خلاف باقاعدہ گرینڈ آپریشن کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ یہ کارروائی سیکریٹری یونین کونسل ملک فردوس انجم اعوان کی زیر نگرانی جاری ہے اور میونسپل ٹیمیں متحرک ہیں۔
مقامی آبادی کی جانب سے کئی روز سے شکایات موصول ہو رہی تھیں کہ آوارہ کتوں کی ٹولیاں گلیوں اور بازاروں میں دندناتی پھر رہی ہیں، جس سے شہری خصوصاً بچے اور بزرگ خوفزدہ ہیں۔ بعض علاقوں میں رات کے اوقات میں صورتحال مزید تشویشناک ہو جاتی تھی۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران متعدد آوارہ کتوں کو ٹھکانے لگایا گیا جبکہ ٹیمیں دیگر متاثرہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر گشت کر رہی ہیں۔ حکام نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
اہلِ علاقہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رکھی جائے تاکہ دوبارہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہو۔
یونین کونسل انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی علاقے میں آوارہ کتوں کی بھرمار دیکھنے پر فوری اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔


