حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے پریس کلب حیدرآباد میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں موجودہ جنگی حالات کے باوجود ہم پر سکون ہیں کیونکہ ہماری افواج پاکستان دشمن کے عزائم خاک میں ملا رہی ہیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاک فوج کی بدولت ہم آج اپنی معمول کی زندگی گزار رہے ہیں اور پاکستان نے افغان شہریوں کو برادر سمجھ کر اپنے دلوں میں جگہ دی۔ انہوں نے افغانستان کے طالبان رجیم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ احسان فراموشی اور محسن کشی کرتے ہوئے پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہے ہیں اور بھارت کی پراکسی اور بی ٹیم بن کر شرمناک حملے کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے صبر کا دامن تھامے رکھا مگر جارحیت کا منہ توڑ جواب بھی دیا گیا۔ پوری قوم افواجِ پاکستان کو سلام پیش کرتی ہے، بھارت کو عبرتناک شکست ہوئی اور اس کی پراکسیز کو بھی مؤثر جواب دیا گیا۔ شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ بھارت براہِ راست مقابلہ نہیں کر سکتا، اسی لیے پراکسیز کا استعمال کر رہا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کا نشانہ بننے کے باوجود پاکستان پُرامن رہا اور پہلے بھارت اور اب افغانستان کے ذریعے پاکستان پر حملے کیے جا رہے ہیں۔ آج کا دن یاد دلاتا ہے جب پاکستان فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دیا اور ابھی نندن کو گرفتار کیا گیا۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ہم ڈائیلاگ پر یقین رکھتے ہیں مگر اس پالیسی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردی کے خلاف پوری قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان دشمن کے عزائم کو خاک میں ملا کر وطن کی حفاظت کر رہی ہیں۔


