عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ سٹی عارف والا کے ایس ایچ او انسپکٹر عمر دراز کی قیادت میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری کریک ڈاؤن کے نتیجے میں علاقے میں امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔
ایس ایچ او عمر دراز کی مؤثر حکمتِ عملی اور بروقت اقدامات کے باعث لوڈ اسپیکر کے غیر قانونی استعمال، مجرہ پارٹیوں، منشیات کی فروشی، ناجائز اسلحہ رکھنے اور ہوائی فائرنگ جیسے جرائم کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کی مسلسل نگرانی اور کریک ڈاؤن کے نتیجے میں جرائم میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، جبکہ متعدد مشتبہ افراد کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی گئی ہے۔ ایس ایچ او عمر دراز نے کہا کہ:
“قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ جرائم پیشہ عناصر یا تو جرم ترک کر دیں یا علاقہ چھوڑ دیں، کسی کو بھی شہریوں کے جان و مال سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔”
مقامی سیاسی و سماجی شخصیات، تاجر برادری اور صحافتی حلقوں نے ایس ایچ او عمر دراز کی کارکردگی کو سراہا اور انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی کے باعث وہ خود کو زیادہ محفوظ محسوس کر رہے ہیں اور علاقے میں سکون کی فضا بحال ہو چکی ہے۔ اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ ایسے دیانتدار اور فرض شناس افسران کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ امن و امان کی یہ فضا مستقل بنیادوں پر برقرار رہے۔


