عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو) فراڈ کا ایک نیا اور انوکھا طریقہ سامنے آ گیا، جہاں نامعلوم نوسرباز نے سگریٹ کمپنی کے سیلز مین کو دو لاکھ بیس ہزار روپے کا چونا لگا دیا۔
تفصیلات کے مطابق شیخ نور دین سگریٹ کمپنی (پاکستان ٹوبیکو) کے سیلز مین ندیم کو ایک نامعلوم شخص نے فون پر مہنگے برانڈ کے سگریٹ سپلائی کرنے کا آرڈر دیا۔ فون کال کے بعد سیلز مین مطلوبہ سگریٹ لے کر عارف والا کے علاقے فریدیہ کالونی پہنچا۔
نوسرباز نے سیلز مین سے دو لاکھ بیس ہزار روپے مالیت کے سگریٹ وصول کیے اور ادائیگی کے لیے یہ کہہ کر انتظار کروایا کہ اس کا بیٹا رقم لے کر آ رہا ہے۔ اسی دوران مذکورہ شخص سیلز مین کو دکان میں پینٹ کروانے کے بہانے پینٹ کی دکان پر خریداری کے لیے بھی ساتھ لے گیا۔
نوسرباز نے نئی دکان بنانے اور مستقبل میں بڑے آرڈرز دینے کی باتوں سے سیلز مین کو مصروف رکھا اور موقع پا کر وہاں سے غائب ہو گیا۔ بعد ازاں کافی انتظار کے باوجود جب وہ واپس نہ آیا تو سیلز مین کو فراڈ کا احساس ہوا۔
متاثرہ سیلز مین ندیم، سکنہ قبولہ، نے پولیس تھانہ سٹی عارف والا میں تحریری درخواست دے دی ہے اور کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ سیلز مین کے مطابق مذکورہ شخص گزشتہ دو سے چار روز سے اسی پینٹ کی دکان پر آ جا رہا تھا جس کی وجہ سے اسے شک نہیں ہوا۔
پولیس کے مطابق درخواست موصول ہو چکی ہے اور واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔


