راجن پور(ایچ آراین ڈبلیو) عبدالکریم اپنے دورے کے اگلے مرحلے میں راجن پور کے کچہ ایریا پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سرکل بنگلہ اچھا کچہ ایریا کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی ساؤتھ پنجاب محمد کامران خان، آر پی او ڈیرہ غازی خان محمد اظہر اکرم اور ڈی پی او راجن پور محمد عمران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران آر پی او ڈی جی خان محمد اظہر اکرم نے آئی جی پنجاب کو راجن پور کچہ ایریا میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف جاری پولیس آپریشن اور موجودہ سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ آئی جی پنجاب نے کچہ میں قائم پولیس چیک پوسٹ لنڈا موڑ کا بھی معائنہ کیا اور سکیورٹی اقدامات، نفری کی تعیناتی، اسلحہ و ایمونیشن، مورچوں اور تھرمل ڈوم کیمروں سے نگرانی کے نظام کا جائزہ لیا۔
آئی جی پنجاب نے ڈرون کیمروں کے ذریعے چیک پوسٹ کے اردگرد کے علاقوں کا فضائی معائنہ بھی کیا۔ اس موقع پر انہوں نے واضح کیا کہ ہتھیار ڈالنے والوں کے ساتھ قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا اور کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی، تاہم ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے اور ہتھیار نہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کچہ ایریا کو امن کا گہوارہ بنایا جائے گا اور جرائم کے خاتمے کے لیے پولیس کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔


