46

بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت رمضان ریلیف پیکج فیز ون، مستحقین میں نقد رقم تقسیم

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے اجتماعی جدوجہد ناگزیر ہے کیونکہ دکھی انسانیت کی خدمت عین عبادت ہے۔ ان خیالات کا اظہار بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے سرپرست حاجی اشرف علی عباسی نے ویلفیئر کے مرکزی دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

یہ تقریب بھائی خان ویلفیئر ایسوسی ایشن کے رمضان ریلیف پیکج فیز (ون) کے تحت مستحقین میں نقد رقم کی تقسیم کے سلسلے میں منعقد کی گئی۔ تقریب میں سرپرستِ اعلیٰ حاجی اقبال قریشی، فاؤنڈر جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین ارائیں، صدر عبداللطیف شیخ، سینیئر نائب صدر خان آفتاب احمد خان، نائب صدر شاہد راجپوت، ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین فرحت عباس، حاجی محمد اسماعیل شیخ، محمد اسماعیل شیخ، محمد حنیف شیخ، چیئرمین حاجی عبدالحمید مٹھو، محمد اسلم شیخ اور یوسف میمن سمیت مستحقین کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

حاجی اشرف علی عباسی نے کہا کہ ادارے کی کوشش ہے کہ رمضان المبارک کے دوران زیادہ سے زیادہ مستحقین کی مدد کی جائے تاکہ وہ اپنی مذہبی رسومات اطمینان کے ساتھ ادا کر سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ رمضان ریلیف پیکج کے تحت خدمات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔

اس موقع پر فاؤنڈر جنرل سیکرٹری حاجی محمد یاسین ارائیں اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مستحقین میں نقد رقم، راشن اور عید کے جوڑے تقسیم کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا مقصد بلا امتیاز دکھی انسانیت کی خدمت کر کے اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔

تقریب کے اختتام پر مستحقین میں نقد رقم تقسیم کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں