عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)کھیتوں میں کام کرنے والی 9 خواتین آسمانی بجلی گرنے کے باعث جھلس گئیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ نواحی گاؤں 165 ای بی میں پیش آیا، جہاں خواتین کھیتوں میں مصروفِ عمل تھیں کہ اچانک آسمانی بجلی گر گئی۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ آسمانی بجلی گرنے کے نتیجے میں تمام خواتین جھلس گئیں، جنہیں فوری طور پر تحصیل اسپتال عارف والا منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ریسکیو کے مطابق متاثرہ خواتین کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔
پولیس اور انتظامیہ نے واقعے کی اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ اسپتال انتظامیہ کے مطابق تمام زخمی خواتین کا علاج جاری ہے۔


