رمضان المبارک میں اشیائے خوردونوش کی بروقت فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)پاکپتن کےڈپٹی کمشنرآصف رضا نےکہا ہےکہ ماہِ رمضان المبارک کےدوران اشیائے خوردونوش کی وافر اور معیاری فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی اور گراں فروشی یا ذخیرہ اندوزی کسی بھی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

ڈپٹی کمشنرنے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوام کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز اور سخت کارروائی جاری رہے گی۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کے روزانہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آٹا، روٹی، چینی، دالوں، سبزیوں، پھلوں اور گوشت کے معیار اور مقررہ نرخوں پر فروخت، ریٹ لسٹ کی نمایاں آویزیگی اور روٹی کے مقررہ وزن و قیمت پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس اور پیرا فورس کی گزشتہ روز کی فیلڈ سرگرمیوں، مارکیٹ انسپکشنز، خلاف ورزیوں پر عائد ایک لاکھ روپے کے جرمانوں اور قانونی کارروائیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی، جس پر ڈپٹی کمشنر نے کارکردگی مزید بہتر بنانے کی ہدایت دی۔

ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے فروٹ و سبزی منڈی میں نیلامی کے عمل کی مؤثر نگرانی اور مارکیٹوں میں متحرک فیلڈ چیکنگ جاری رکھنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خلاف ورزی کی صورت میں فوری قانونی کارروائی، بھاری جرمانے اور گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں گی۔

انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کا استحصال کرنے والوں کے خلاف عبرت انگیز اقدامات یقینی بنائے جائیں گے تاکہ قانون کی عملداری اور عوامی ریلیف ہر حال میں برقرار رہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں