کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شیعہ علماء کونسل ملیر کے زیرِ اہتمام اسلام آباد، ترلائی امام بارگاہ سانحہ کے شہداء سے اظہارِ یکجہتی اور دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے کی قیادت علامہ علی رضا عابدی نے کی، جبکہ حکیم عارفانی اور زوار وریام علی ہیسبانی سمیت دیگر مذہبی و سماجی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔
مظاہرہ مسجد و امام بارگاہ علی ابن ابی طالبؑ میں نمازِ جمعہ کے بعد منعقد ہوا، جہاں شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف شدید نعرے لگائے اور امریکہ و اسرائیل کے خلاف بھی نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کیا۔
مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے علامہ علی رضا عابدی نے کہا کہ دہشت گردی کے واقعات کی روک تھام میں عدم توجہ کے باعث ایسے سانحات رونما ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی فوری اور شفاف تحقیقات کی جائیں اور ملوث عناصر کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہداء کے لواحقین کو بہتر طبی سہولیات اور مالی معاونت فراہم کی جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ دار ہے، لہٰذا اہلِ تشیع سمیت تمام مکاتبِ فکر کو مکمل آئینی و قانونی تحفظ فراہم کیا جائے اور فرقہ وارانہ تشدد کا سدباب کیا جائے۔
احتجاج کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک میں امن و استحکام کے لیے دعا بھی کی گئی۔


