حیدرآباد موٹروے پر خوفناک حادثہ، 13 افراد جاں بحق

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد موٹروے (M9) پر انصاری پل کے قریب ایک المناک حادثہ پیش آیا جس میں 13 افراد موقع پر ہی جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے۔

اطلاعات کے مطابق، مال بردار ٹرک کے الٹنے کے باعث چار تیز رفتار گاڑیاں اور ایک مسافر بس آپس میں ٹکرا گئیں، جس سے کئی گاڑیاں مکمل طور پر تباہ ہو گئیں اور انسانی اعضا بکھر گئے۔ حادثے کے باعث اموات میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو 1122، چھیپا اور ایدھی کے رضاکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ گاڑیوں سے زخمیوں کو نکال کر قریبی اسپتال منتقل کر رہی ہیں۔

سپر ہائی وے پر ٹریفک کو وقتی طور پر روک دیا گیا ہے اور متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

یہ حادثہ موٹروے پر گاڑیوں کی تیز رفتاری اور حفاظتی اقدامات کی کمی کے خطرات کو ایک بار پھر اجاگر کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں