ساہیوال(ایچ آراین ڈبلیو)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ریجنل کیمپس میں وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی پروقار تقریب منعقد ہوئی۔
تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود اور ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ملک توقیر احمد خان بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے۔ اس کے علاوہ ڈائریکٹر ساہیوال ریجنل کیمپس ڈاکٹر احمر ذوالفقار، ڈائریکٹر سٹوڈنٹ افیئرز کاظم علی سید، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور والدین بھی موجود تھے۔ تقریب کی نظامت سیدہ آمنہ ریاض نے کی۔
وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم یوتھ لیپ ٹاپ سکیم کے تحت طلبہ میں میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت اپنی علمی و تحقیقی صلاحیتوں میں اضافہ کے لیے استعمال کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی ترقی نوجوانوں کی محنت اور صلاحیتوں سے وابستہ ہے اور جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹیکنالوجی کا مؤثر استعمال ناگزیر ہے۔
ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ملک توقیر احمد خان نے بھی طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ لیپ ٹاپ کو حصولِ علم اور تحقیق کا ذریعہ بنایا جائے اور اس سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے لیے یہ اعزاز کی بات ہے کہ اس سکیم کے تحت 2500 سے زائد طلبہ میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے جا چکے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر اور دیگر مہمانوں نے یونیورسٹی لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم میں حصہ لیا اور ماحول دوستی کے عزم کا اعادہ کیا۔


