مردان(ایچ آراین ڈبلیو)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) مسعود احمد بنگش نے سب انسپکٹر حسین اکبر خان کو ان کی شاندار کارکردگی، پیشہ ورانہ صلاحیت اور میرٹ کی بنیاد پر تھانہ جبر کا اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) تعینات کر دیا ہے۔ اس سے قبل وہ تھانہ چنونہ میں خدمات انجام دے رہے تھے، جہاں سے ان کا تبادلہ کیا گیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ تقرری محکمہ پولیس کے اندر ایک مثبت اور اہم پیش رفت کے طور پر دیکھی جا رہی ہے، جس سے توقع کی جا رہی ہے کہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال مزید بہتر ہو گی۔
ایس ایچ او حسین اکبر خان ایک بہادر، فرض شناس اور عوام دوست پولیس افسر کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ انہوں نے اپنی سابقہ تعیناتیوں کے دوران جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیوں کے ذریعے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔ وہ مشکل حالات کا جرات مندی اور حکمتِ عملی سے مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں اور جرائم کی روک تھام، قیامِ امن اور عوامی خدمت کے لیے پُرعزم ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین اکبر خان نے ہمیشہ محنت، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ذریعے اپنے فرائض انجام دیے ہیں۔ ان کی نئی تعیناتی سے تھانہ جبر کی حدود میں جرائم پر قابو پانے، جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے اور کمیونٹی پولیسنگ کے فروغ میں نمایاں بہتری کی توقع ہے۔
عوامی اور سماجی حلقوں نے سب انسپکٹر حسین اکبر خان کی بطور ایس ایچ او تعیناتی کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور تجربے کی بدولت علاقے میں امن و استحکام کو مزید مضبوط بنائیں گے اور عوام کو بہتر پولیس سہولیات فراہم کرنے میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔


