وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات پر پولیس رویّوں میں مثبت تبدیلی کے لیے خصوصی اجلاس

عارف والا (ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کی روشنی میں پولیس رویّوں میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ کی زیر صدارت دفتر پولیس میں خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور پولیس اہلکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی پی او پاکپتن جاوید چدھڑ نے نمائندہ ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے ساتھ احساس، اپنائیت، شائستگی اور تحفظ کے ویژن پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ عوام دوست پولیسنگ کے ذریعے اولین ترجیح ہے۔

ڈی پی او نے واضح کیا کہ تمام تھانے تحفظ، انصاف اور عوامی خدمت کے مراکز کے طور پر کام کریں گے اور قابلِ دست اندازی جرائم میں بروقت ایف آئی آر کے اندراج کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ بدعنوانی اور کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا اور اس ضمن میں نگران افسران کو ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ تفتیشی عمل سائنسی بنیادوں پر کیا جائے گا اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام پاکپتن پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ڈی پی او جاوید چدھڑ کا کہنا تھا کہ کمیونٹی پولیسنگ کے ذریعے عوامی اعتماد کی بحالی اور اپنائیت کے فروغ کو یقینی بنایا جائے گا، جبکہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر بلا امتیاز کارروائیاں کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں