ضلعی انتظامیہ کی عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی اولین ترجیح ہے، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح عوام کو بروقت اور معیاری سہولیات کی فراہمی، قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔ ضلعی محکموں کی کارکردگی کے مؤثر جائزے کے ذریعے عوام کو شفاف اور مؤثر خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عابد شبیر لغاری نے ضلعی محکموں کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں محکمہ زراعت، صحت، ماحولیات، پنجاب فوڈ اتھارٹی، سول ڈیفنس، میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے افسران نے اپنی ہفتہ وار کارکردگی رپورٹس پیش کیں۔

اجلاس میں محکمہ زراعت کی جانب سے کپاس کی کاشت سے متعلق آگاہی مہم، فارمر ٹریننگ پروگرامز، کسان کارڈ، زرعی قرضوں کی ریکوری، گندم پیداواری مقابلے کی رجسٹریشن اور جعلی و غیر معیاری زرعی بیج و ادویات کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں سے آگاہ کیا گیا۔

محکمہ صحت نے کلینک آن ویل اور فیلڈ ہسپتال کے ذریعے فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ممنوعہ ادویات کی فروخت کے خلاف اقدامات اور آوارہ کتوں کی تلفی مہم سے متعلق رپورٹ پیش کی۔ محکمہ ماحولیات نے انسداد سموگ مہم اور ممنوعہ پولی تھین بیگز کے استعمال کی روک تھام کے اقدامات پر بریفنگ دی۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے غیر معیاری اور مضر صحت اشیائے خوردونوش کے خلاف جاری کریک ڈاؤن سے آگاہ کیا، جبکہ سول ڈیفنس نے غیر قانونی پیٹرول ایجنسیوں اور غیر قانونی گیس ریفلنگ کے خلاف کی جانے والی کارروائیوں کی تفصیل بیان کی۔ میونسپل کمیٹی اور ضلع کونسل کے افسران نے غیر قانونی تعمیرات اور غیر منظور شدہ ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے خلاف اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر عابد شبیر لغاری نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری سہولیات کی فراہمی، غیر قانونی سرگرمیوں کے خاتمے اور شہری فلاح و بہبود کے لیے کیے جانے والے تمام اقدامات مؤثر نگرانی، باہمی رابطے اور مکمل کوآرڈینیشن کے ساتھ جاری رکھے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں