پڈعیدن(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ کے علاقے پڈعیدن کے قریب محراب پور میں مال بردار ٹرین کی 11 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس کے نتیجے میں ریلوے ٹریفک شدید متاثر ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق حادثے کے باعث اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریک متاثر ہوئے ہیں، جس پر احتیاطی طور پر دونوں ٹریک بند کر دیے گئے ہیں۔ ٹریک کی بندش کے باعث مسافر اور مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی مال بردار ٹرین کراچی سے پنجاب جا رہی تھی۔ واقعے کے بعد ریلوے کا عملہ موقع پر پہنچ گیا ہے اور بوگیوں کو پٹری سے ہٹانے اور ٹریک کی بحالی کا کام جاری ہے۔
حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات بھی شروع کر دی گئی ہیں۔


