حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدر جناب شان سہگل نے نیشنل انکیوبیشن سینٹر حیدرآباد میں منعقد ہونے والے 7ویں انویسٹر سمٹ میں شرکت کی، جس میں سرمایہ کاروں، اسٹارٹ اپس اور صنعت کے رہنماؤں نے بانیوں کی قیادت میں جدت (Founder-led Innovation) کو فروغ دینے کے لیے تفصیلی اور بامقصد گفتگو کی۔
شان سہگل نے این آئی سی کے پروگرام مینجر قحافہ آزاد اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ ایسے پروگرام نوجوان کاروباری افراد کو سرمایہ کاروں تک رسائی فراہم کرتے ہیں، ساتھ ہی عملی رہنمائی، مارکیٹ فہم اور کاروباری توسیع کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کاروباری ترقی کے لیے انکیوبیشن مراکز اور تجارتی اداروں کے درمیان مضبوط روابط ناگزیر ہیں تاکہ نئے آئیڈیاز کو مستحکم کاروبار میں تبدیل کیا جا سکے۔
سمٹ کے دوران اسٹارٹ اپ آئیڈیاز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، سرمایہ کاروں کے ساتھ ون آن ون ملاقاتیں ہوئیں، اسٹریٹجک گائیڈنس سیشنز اور کاروباری توسیع و سرمایہ کاری سے متعلق مباحثے کیے گئے۔ شان سہگل نے اسٹارٹ اپ لیڈرز کو عملی مشورے دیے اور انہیں حیدرآباد چیمبر کی رکنیت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے کاروبار کو وسعت دینے کی ترغیب دی۔
شان سہگل نے کہا کہ حیدرآباد چیمبر نوجوان کاروباری افراد، چھوٹے صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کے درمیان پل کا کردار ادا کرتا رہے گا تاکہ حیدرآباد اور سندھ بھر میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دے کر ملکی معیشت میں مثبت کردار ادا کیا جا سکے۔
اس موقع پر چیمبر کے ممبران امیت جسوانی اور پرکاش بھی موجود تھے۔


