خیرپور(ایچ آراین ڈبلیو)کچے کے علاقے میں جاری نجات مہران آپریشن کے دوران سندھ پولیس کو بڑی کامیابی حاصل ہوئی ہے، جہاں انتہائی مطلوب اور انعام یافتہ ڈاکو رب رکہیو ناریجو نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سامنے ہتھیار ڈال دیے۔
وزیر داخلہ سندھ ضیاءالحسن لنجار نے اس اہم کامیابی پر ڈی آئی جی لاڑکانہ ناصر آفتاب، ایس ایس پی خیرپور ڈاکٹر سمیع اللہ سومرو اور پوری پولیس ٹیم کو شاندار کارکردگی پر خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ کچے کے ڈاکوؤں کا سرینڈر کرنا سندھ حکومت اور سندھ پولیس کی مؤثر سرینڈر پالیسی اور وزیر داخلہ کے واضح اور دو ٹوک پیغام کا نتیجہ ہے۔
وزیر داخلہ سندھ کا کہنا تھا کہ پولیس کی مؤثر حکمت عملی اور جراتمندانہ اقدامات کے باعث کچے کے جرائم پیشہ عناصر پسپا ہو رہے ہیں اور نجات مہران آپریشن کے مثبت نتائج مسلسل سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب کچا جرائم پیشہ عناصر کے لیے محفوظ پناہ گاہ نہیں رہا۔
ضیاءالحسن لنجار نے پولیس جوانوں کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور قربانیوں کو سراہتے ہوئے اس کامیاب آپریشن کو ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ سندھ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور جرائم کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔
وزیر داخلہ سندھ نے دیگر جرائم پیشہ عناصر کو بھی مشورہ دیا کہ وہ ہتھیار ڈال کر قانون کے سامنے پیش ہو جائیں، کیونکہ سندھ پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور امن کے قیام تک آپریشن جاری رہے گا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید پولیس جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔


