عارف والا تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال میں چیکنگ کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل

عارف والا(ایچ آراین ڈبلیو)تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال عارف والا میں مقامی انتظامی افسران کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر چیکنگ کے معاملے کو خوش اسلوبی سے حل کر لیا گیا ہے۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطالبے پر ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا نے حالیہ جاری کردہ تحریری حکم نامہ واپس لے لیا ہے۔

اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن عارف والا نے ڈپٹی کمشنر پاکپتن آصف رضا کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ڈپٹی کمشنر نے ڈاکٹرز کا موقف سنا اور معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کیا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق ڈاکٹرز کمیونٹی کا ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کے ساتھ مستقبل میں بھی مثبت، تعمیری اور باہمی احترام پر مبنی تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔ ایسوسی ایشن نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ انتظامیہ کے ساتھ مل کر صحتِ عامہ کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھا جائے گا۔

ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن عارف والا کے اعلامیے کے مطابق اس خوشگوار حل سے ہسپتال کے امور مزید بہتر ہوں گے اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات میں بہتری آئے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں