ایس ایس پی سے تاجر تنظیموں کی ملاقات، رمضان کے لیے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلۂ خیال

حیدرآباد(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی حیدرآباد عدیل حسین چانڈیو سے آج مختلف تاجر تنظیموں کے وفود نے ان کے دفتر میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں شہر میں امن و امان کی صورتحال اور آنے والے ماہِ رمضان کے دوران سیکیورٹی و انتظامی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

حیدرآباد تاجر اتحاد کے صدر محمود علی راجپوت کی قیادت میں ولطیف آباد اور شہر کی دیگر مارکیٹوں کی تجارتی تنظیموں کے عہدیداران نے ملاقات میں شرکت کی۔ اس موقع پر فرید چندریگر (صرافہ بازار)، شبیر صدیقی، عزیز (SRTC یونین)، نعمان شاہ، تسلیم (چاندنی موبائل مارکیٹ)، فرح شاہ (چراغ محل موبائل مارکیٹ)، شاہد خان غوری (لطیف آباد تاجر اتحاد)، زاہد حسین، ندیم (عائشہ مارکیٹ)، سرور بنگش (جامع کلاتھ)، رشید خلجی، حامد علی (پھلیلی بازار)، رفیق قادری (لوھار مارکیٹ)، آفتاب قریشی (لیاقت کالونی مارکیٹ)، طارق قریشی (مرغی مارکیٹ)، سنی (سلمان پلازہ)، شہزاد رضا (سبحانہ شاپنگ مال)، ریحان کوٹی (خواجہ گل محمد)، اور رضوان دیسوالی (آٹو بھان مارکیٹ) شامل تھے۔

ملاقات کے دوران بازاروں میں چوکیداری نظام کو مؤثر بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا اور یہ طے کیا گیا کہ چوکیداروں کی تعیناتی پولیس کی مکمل ویریفکیشن کے بعد عمل میں لائی جائے گی۔ تاجروں کو ہدایت کی گئی کہ بازاروں میں کم از کم 8 میگا پکسل کیمرے مناسب بیک اپ سسٹم کے ساتھ نصب کیے جائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں مؤثر نگرانی ممکن ہو۔

ایس ایس پی حیدرآباد نے کہا کہ کلاتھ مارکیٹ، لطیف آباد نمبر 8 مین بازار، صرافہ بازار اور دیگر اہم تجارتی مراکز میں سیکیورٹی مزید مؤثر بنائی جا رہی ہے۔ خواتین پر مشتمل پولیس اسٹاف کو پیادہ گشت پر مامور کیا جا رہا ہے تاکہ خواتین خریدار محفوظ ماحول میں خریداری کر سکیں اور بازاروں میں نظم و ضبط برقرار رہے۔

اس کے علاوہ بازاروں میں فائر سیفٹی کے انتظامات، داخلی و خارجی راستوں کو انکروچمنٹ سے آزاد رکھنا اور رمضان المبارک کے دوران تاجر برادری کی جانب سے والنٹیرز کی مقرری پر بھی اتفاق کیا گیا۔

ایس ایس پی حیدرآباد نے تاجر برادری کو یقین دلایا کہ رمضان کے دوران بازاروں میں فول پروف سیکیورٹی کے انتظامات یقینی بنائے جائیں گے اور پولیس و تاجر برادری کے باہمی تعاون سے شہر میں پرامن ماحول برقرار رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں