سانگھڑ(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان بھر کی طرح سانگھڑ ضلع میں بھی یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ایک زبردست ریلی کا اہتمام کیا گیا، جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید اور ایس ایس پی عابد بلوچ نے کی۔ ریلی میونسپل آفس سے شروع ہو کر پریس کلب سانگھڑ تک جاری رہی، جس میں عوام، سرکاری افسران، اساتذہ، طلبہ اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سارہ جاوید نے کہا کہ “کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی جدوجہد ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔ پوری پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔”
ایس ایس پی عابد بلوچ نے اپنے خطاب میں کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیاں عالمی برادری کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ مظاہرین نے زور دیا کہ اقوامِ متحدہ اپنی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق خودارادیت دلانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
ریلی کے دوران شرکا نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے، جن پر کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے نعرے درج تھے۔ شرکا نے “کشمیر بنے گا پاکستان” اور “کشمیریوں پر ظلم نامنظور” کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔
آخر میں ڈپٹی کمشنر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ کشمیری عوام کو جلد آزادی نصیب فرمائے اور خطے میں امن قائم ہو۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شفیق احمد آریسر، سول سرجن ڈاکٹر آفتاب اعظم سریوال، ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن، چیئرمین میونسپل کمیٹی راشد اسلام، ڈی ایس پی غلام سرور سولنگی، زاہد ناصر، انچارج ڈی آئی بی مقرب خان، حاجی یامین عرف حاجی لالو اور صابر حسین مہر بھی موجود تھے۔
مزید برآں، ضلع کے تمام تعلقہ ہیڈ کوارٹرز میں اسسٹنٹ کمشنرز کی نگرانی میں بھی یکجہتی ریلیاں منعقد کی گئیں۔


