پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرعابد شبیرلغاری نےکہا ہے کہ یومِ یکجہتی کشمیر کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کی جدوجہد اور بھارتی مظالم کےخلاف عالمی ضمیرکو بیدار کرنے کا دن ہے، اور پاکستان کے عوام ہر سطح پر اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کااظہارکرتےرہیں گے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی قربانیاں تاریخ کا روشن باب ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ان خیالات کااظہارانہوں نےیومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر ڈی سی آفس سے بختیار کاکی چوک تک نکالی گئی یکجہتی ریلی سے خطاب کے دوران کیا۔ ریلی کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف آواز بلند کرنا اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کی بھرپور حمایت کا اظہار کرنا تھا۔ریلی میں اسسٹنٹ کمشنر رب دنو میتلو، ایس ڈی او پیرا فورس مہر اقبال، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی خالد خان،اسسٹنٹ ڈائریکٹرکنزیومرپروٹیکشن کونسل عدنان سندھوسمیت محکمہ تعلیم،محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، سول سوسائٹی، میڈیا نمائندگان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور ان کے حقِ خودارادیت کے حق میں نعرے درج تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان اور پاکستانی عوام کشمیری عوام کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے ہوئے ہیں اور یہ سلسلہ مستقبل میں بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری عوام کی آواز کو ہر فورم پر اجاگر کیا جاتا رہے گا۔ریلی کے اختتام پر کشمیری عوام کی آزادی، امن و سلامتی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کیلئے خصوصی دعا کی گئی۔


