رکشہ سوار شہری کو گولی مار کر زخمی، ڈی آئی جی آپریشنز موقع پر پہنچ گئے

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)شیراکوٹ کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان نے رکشہ سوار شہری اصغر علی کو بیگ چھیننے کے دوران فائرنگ کر کے زخمی کر دیا۔ شہری کو ٹانگوں میں گولیاں لگیں، جس کے بعد فوری طور پر جناح ہسپتال منتقل کیا گیا۔

ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے زخمی کی عیادت کے لیے جناح ہسپتال کا دورہ کیا اور ایس پی اقبال ٹاؤن سے واقعے کی مکمل رپورٹ طلب کر لی۔ ڈی آئی جی نے فائرنگ میں ملوث ملزمان کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت بھی جاری کی۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ شاہ عالم چوک سے فیصل موور کی جانب جاتے ہوئے پیش آیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

ڈی آئی جی آپریشنز نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ لاہور پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہر میں جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں