کوئٹہ(ایچ آراین ڈبلیو)بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بی ایل اے سے وابستہ غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کی جانب سے دہشت گردی کی ناقص منصوبہ بندی پر مبنی متعدد کارروائیاں کی گئیں، جنہیں پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کی ان کارروائیوں کے دوران فورسز نے تمام مقامات پر فوری رسپانس دیتے ہوئے کئی دہشت گردوں کو ہلاک کیا جبکہ چند ہی گھنٹوں میں صورتحال پر مکمل طور پر قابو پا لیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حملے فتنہ الہندوستان نامی نیٹ ورک کی جانب سے کیے گئے، جو بی ایل اے کا غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد دھڑا ہے۔ تاہم فتنہ الہندوستان سے منسلک پروپیگنڈا نیٹ ورکس اور بھارتی میڈیا کی جانب سے کیے گئے دعوؤں کے برعکس یہ کارروائیاں کسی بھی قسم کا مؤثر نتیجہ حاصل کرنے میں مکمل طور پر ناکام رہیں۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے مذموم منصوبے ’’ہیروف 2.0‘‘ کو بھی مکمل طور پر ناکام بنا دیا، جبکہ علاقے میں امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور کلیئرنس آپریشن جاری ہیں۔


