پاکپتن(ایچ آراین ڈبلیو)ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے قومی انسداد پولیو مہم کو ہر صورت کامیاب بنانا ضلعی انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بات ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر 2 فروری سے شروع ہونے والی چار روزہ قومی انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ یہ مہم 2 فروری سے 5 فروری تک جاری رہے گی، جس کے دوران ضلع بھر میں پانچ سال سے کم عمر 3 لاکھ 92 ہزار سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے والدین پر زور دیا کہ وہ پولیو ٹیموں سے مکمل تعاون کریں اور اپنے بچوں کو ہر صورت پولیو کے قطرے پلوائیں تاکہ آئندہ نسل کو اس موذی مرض سے محفوظ بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر حافظ احسن، محکمہ صحت کے افسران اور ڈبلیو ایچ او کے نمائندے بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے مختلف شعبہ جات کا تفصیلی معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات کی دستیابی اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مریضوں کو معیاری اور بروقت طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور عوامی خدمت میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔


